🚔 کوٹ رادھاکشن: اغوا برائے تاوان میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک
تحصیل رپورٹر: شمھون، روزنامہ خوبیاں
قصور (کرائم رپورٹر) تھانہ کوٹ رادھاکشن کے علاقے میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں اغوا برائے تاوان میں ملوث ایک سفاک ملزم مبین اشرف سکنہ باوے والا دھالہ کلاں ہلاک ہو گیا جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، ہلاک ملزم مبین اشرف نے پانچ روز قبل تین بہنوں کے اکلوتے چودہ سالہ بھائی عزیر کو اغوا برائے تاوان کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں کی ہدایت پر ڈی ایس پی افضل ڈوگر کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
گزشتہ شب تھانہ کوٹ رادھاکشن پولیس نے چھینہ روڈ پر موٹر سائیکل سوار تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور کھیتوں میں فرار ہو گئے۔ جوابی کارروائی کے دوران ملزمان کی اپنی فائرنگ سے مبین اشرف زخمی ہو گیا، جسے تحصیل ہسپتال لے جایا جا رہا تھا لیکن وہ راستے میں دم توڑ گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک پسٹل اور صدر پھولنگر کے علاقے سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔ تھانہ کوٹ رادھاکشن پولیس نے مقدمہ درج کر کے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی صدر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ مزید اپڈیٹس کے لیے دیکھیں: قصور کرائم نیوز اپڈیٹس.