بیول گوجرخان میں ہوٹل کا کھانا کھانے سے چار افراد بے ہوش — اے سی کا فوری ایکشن

بیول گوجرخان (رپورٹر روزنامہ خوبیاں محمد آیان مغل): بیول یونین کونسل کے قریب واقع "کالا" نامی ہوٹل میں کھانا کھانے کے بعد چار افراد اچانک بے ہوش ہو گئے۔ متاثرہ افراد کو فوری طور پر بیول انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق متاثرین نے کھانے کے بعد چکر آنے اور طبیعت کی خرابی کی شکایت کی، جس کے کچھ لمحوں بعد وہ بے ہوش ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر فوری طبی امداد فراہم کی۔
واقعے کی خبر پوٹھوہار میڈیا ٹیم کے ذریعے منظر عام پر آنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور نے فوری ایکشن لیا۔ محکمہ صحت اور پولیس کی ٹیموں کو موقع پر روانہ کر دیا گیا۔
محکمہ صحت نے ہوٹل کی سرگرمیاں وقتی طور پر معطل کر دیں اور کھانے کے نمونے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیے۔ پولیس نے بھی ہوٹل کے عملے سے ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی ممکنہ وجہ مضر صحت یا ناقص کھانا ہو سکتی ہے، تاہم حتمی رپورٹ لیبارٹری نتائج کے بعد سامنے آئے گی۔
عوامی حلقوں نے محکمہ صحت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے ہوٹلوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ انسانی جانوں کو لاحق خطرات سے بچایا جا سکے۔
مزید خبریں پڑھیں: گوجرخان کی خبریں