وزیراعلی پنجاب مریم نواز صاحبہ سے نوٹس لینے کی اپیل - علاقے میں آبادی زیادہ اور ٹرانسفارمر چھوٹا ہونے کی وجہ سے ٹرانسفارمر بار بار دھماکہ کرنے لگا

جناح کالونی بھائی کوٹ میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا — تین دن سے بجلی بند، عوام سراپا احتجاج

رائے ونڈ (نمائندہ خصوصی) — لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی نااہلی ایک بار پھر عوام کے لیے اذیت کا سبب بن گئی۔ جاتی عمرہ کے قریب واقع جناح کالونی بھائی کوٹ میں گزشتہ تین دن سے بجلی کی مکمل بندش نے مکینوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ علاقے میں شدید گرمی اور حبس کے عالم میں بجلی کی طویل بندش نے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ علاقے کی آبادی روز بروز بڑھ رہی ہے، لیکن اس کے برعکس یہاں نصب ٹرانسفارمر نہ صرف انتہائی چھوٹا ہے بلکہ بوسیدہ بھی ہو چکا ہے، جو اکثر اوقات اوورلوڈنگ کے باعث دھماکے سے تباہ ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ چند مہینوں سے ٹرانسفارمر بار بار خراب ہو رہا ہے اور لیسکو کی جانب سے بروقت مرمت نہ ہونے کے باعث لوگوں کو کئی کئی دن تک بجلی کے بغیر زندگی گزارنا پڑ رہی ہے۔

مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود لیسکو کے ذمہ داران ٹال مٹول سے کام لیتے ہیں اور علاقہ مکینوں کی دادرسی نہیں کی جا رہی۔ عوام کا کہنا ہے کہ لیسکو حکام کی غفلت ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔

جناح کالونی کے مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ علاقے کی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک بڑا اور جدید ٹرانسفارمر فوری طور پر نصب کیا جائے تاکہ آئے روز بجلی کی بندش کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہو سکے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مسائل کا جلد از جلد حل نہ نکالا گیا تو وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔


Post a Comment

Previous Post Next Post