سیالکوٹ ہیڈ مرالہ میں کشتی حادثہ — 4 سالہ حرم فاطمہ دریا کی لہروں کی نذر

پنجاب (بیوروچیف روزنامہ خوبیاں وقاص امانت): سیالکوٹ کے علاقے ہیڈ مرالہ پر ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں چار سالہ بچی حرم فاطمہ دریا چناب کی بے رحم لہروں کی نذر ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق، حرم فاطمہ اپنی فیملی کے ساتھ تفریح کی غرض سے ہیڈ مرالہ آئی تھی۔ کشتی میں سوار ہو کر تصاویر بنوا رہی تھی کہ نیچے اترتے ہوئے اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ دریا میں جا گری۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ اچانک پیش آیا اور دریا کی تیز لہروں نے معصوم بچی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تلاش کے باوجود فوری طور پر بچی کو نکالا نہ جا سکا۔
افسوسناک امر یہ ہے کہ حرم فاطمہ کی زندگی کی آخری تصویر بھی منظر عام پر آ چکی ہے، جس نے ہر دیکھنے والے کی آنکھ نم کر دی۔
فیملی کا تعلق ناروال سے بتایا جا رہا ہے، جو عید کی چھٹیوں میں سیر کے لیے سیالکوٹ آئے تھے۔
متعلقہ خبر: دریائی حادثات اور واقعات | ریسکیو 1122