جھنگ: ٹریفک پولیس کو باڈی کیمرے فراہم، قانون شکنی پر جدید نگرانی

نمائندہ خوبیاں، جھنگ: ڈی پی او کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے ٹریفک پولیس کو جدید انفورسمنٹ نظام سے لیس کرنے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔ ٹریفک اسٹاف کو باڈی کیمرے فراہم کر دیے گئے ہیں تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کی جانے والی کارروائیاں مکمل طور پر شفاف اور ثبوت پر مبنی ہوں۔
یہ اقدام حکومت پنجاب کی جانب سے ٹریفک نظام میں بہتری اور شہریوں کو انصاف فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ باڈی کیمرے ہر کارروائی کی ویڈیو ریکارڈنگ کریں گے، اور بغیر ثبوت کے کسی بھی شہری کو چالان نہیں کیا جائے گا۔
ڈی پی او جھنگ بلال افتخار کیانی کے مطابق قانون شکنی کی ہر حرکت کی ریکارڈنگ کی جائے گی، جس سے سڑکوں پر نظم و ضبط قائم ہوگا اور ٹریفک کی روانی بہتر ہو گی۔
ٹریفک اسٹاف کو آئی ٹی برانچ کے اشتراک سے باڈی کیمروں کے مؤثر استعمال کے حوالے سے خصوصی تربیتی ورکشاپس بھی دی گئی ہیں تاکہ عملہ اس جدید نظام سے مکمل ہم آہنگ ہو جائے۔
ڈی پی او نے ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر کو ہدایت کی کہ ہر کیمرہ ڈیوٹی کے دوران ریکارڈنگ موڈ پر فعال رہے تاکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں شواہد دستیاب ہوں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ ایک محفوظ، منظم اور مہذب معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
مزید پڑھیے: جھنگ کی خبریں | پنجاب پولیس کی آفیشل ویب سائٹ