مندرہ پانچ مرلہ واقعہ، اہل علاقہ کا جرائم کے خلاف کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان

مندرہ: 6 سالہ شفق کے افسوسناک واقعے پر اہل علاقہ کا اکٹھ، جرائم کے خاتمے کا عزم

گوجرخان (بیوروچیف روزنامہ خوبیاں ڈاکٹر عبدالشکور لدھوی) یونین کونسل مندرہ کے علاقے پانچ مرلہ میں چند روز قبل پیش آنے والے اندوہناک واقعے میں 6 سالہ معصوم بچی شفق کے ساتھ زیادتی اور قتل نے پورے علاقے کو غم اور خوف میں مبتلا کر دیا۔ سنیل عرف کاکا کی گرفتاری اور پھر اس کی برآمدگی کے دوران پولیس پارٹی پر ساتھیوں کی فائرنگ اور ملزم کی ہلاکت نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے کہ کیا یہ سفاکیت محض ایک فرد کا عمل تھا یا پس پردہ مزید کردار بھی ملوث تھے۔

علاقے میں پھیلے خوف و ہراس کے پیش نظر پانچ مرلہ کے رہائشیوں کا ایک بڑا اکٹھ مقامی درسگاہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں علمائے کرام، سماجی شخصیات اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے علاقے میں ایسے ظالمانہ واقعات کے سدباب اور مستقبل کے لیے ٹھوس حکمت عملی بنانے کا عزم کیا۔

مقررین نے تجویز دی کہ چوری، ڈکیتی، ناجائز منشیات فروشی، خاص طور پر شراب، چرس اور آئس جیسی لعنتوں کا سختی سے محاسبہ کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے اہل علاقہ نے متفقہ طور پر ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو ہر غیر قانونی سرگرمی پر نظر رکھے گی۔ مزید برآں، اپنی مدد آپ کے تحت پوری آبادی میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ نگرانی کا موثر نظام قائم کیا جا سکے۔

اس موقع پر حمزہ صبور بٹ، شجر اسلام، اسد یعقوب، مبین بٹ اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے کو محض افسوس تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ کوئی اور شفق ظلم کا شکار نہ ہو۔

متعلقہ مزید خبریں: مندرہ نیوز اپڈیٹس | پاکستان میں بچوں کے تحفظ کے قوانین

Post a Comment

Previous Post Next Post