بلوچستان میں المناک حادثہ، بدین کے 14 افراد جاں بحق — کمشنر حیدرآباد کا امدادی اعلان

بلوچستان حادثہ: بدین کے 14 افراد جاں بحق، 22 زخمی، کمشنر حیدرآباد کا امدادی اعلان

بدین (محمد ایوب شیخ) بلوچستان کے علاقے دریجی میں ایک افسوسناک سڑک حادثے میں ضلع بدین کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 14 افراد جاں بحق جبکہ 22 افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق، مزدا گاڑی بریک فیل ہونے کی وجہ سے پہاڑی علاقے میں الٹ گئی۔ اس گاڑی میں ضلع بدین اور ڈگھڑی سے تعلق رکھنے والے کولھی کمیونٹی کے محنت کش اپنی فیملیز کے ساتھ سوار تھے جو گندم کی کٹائی کے بعد واپسی پر تھے۔

جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں: چار سالہ مونیکا، 30 سالہ ونی، 35 سالہ موروان، 28 سالہ دنی، 40 سالہ کمی، 7 سالہ ارشی، 5 سالہ ڈھالو، 35 سالہ بچو، 8 سالہ جھگنی، 3 سالہ وجئہ، اور 5 سالہ پرکاش۔

دیگر جاں بحق افراد میں گاؤں مراد خان تالپور کے 20 سالہ راجہ، گاؤں بورو صاحب لغاری کے 32 سالہ دیویا، اور ڈگھڑی کے 35 سالہ سورج شامل ہیں۔

حادثے کے بعد کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی اور دیگر ضلعی افسران کے ہمراہ گاؤں بشیر احمد آرائیں پہنچے۔ انہوں نے میتوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس ایک لاکھ روپے امدادی رقم دینے کا اعلان کیا۔

زخمیوں کے علاج کے لیے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد اور ڈپٹی کمشنر جامشورو کو ہدایات جاری کی گئیں۔ زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں: خوشاب کی مزید خبریں | این ڈی ایم اے آفیشل سائٹ

اس موقع پر ایم این اے میر غلام علی تالپور، ایم پی اے تلہار میر اللہ بخش تالپور اور سینکڑوں افراد موجود تھے جنہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post