باغ میں صحافی حسام خورشید پر پولیس تشدد، صحافی برادری کا اظہار مذمت

باغ آزاد کشمیر میں صحافی حسام خورشید پر پولیس تشدد، اے ایس آئی معطل

حویلی کہوٹہ (سٹی رپورٹر: زاہد محمود) آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں دوران کوریج ارجہ کے مقام پر ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافی حسام خورشید پر پولیس اے ایس آئی کی جانب سے تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس کی صحافی برادری نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق صحافی حسام خورشید اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے کہ اچانک اے ایس آئی کی جانب سے ان پر جسمانی تشدد کیا گیا۔ اس واقعے نے صحافتی حلقوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

صحافیوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب میڈیا نمائندوں کے ساتھ پولیس کا ایسا رویہ ہے تو عام عوام کے ساتھ سلوک کیسا ہوگا؟ یہ واقعہ نہ صرف آزادی صحافت پر حملہ ہے بلکہ قانون کی خلاف ورزی بھی ہے۔

ایس ایس پی باغ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ اے ایس آئی کو معطل کر دیا اور واقعے کی غیر جانبدار انکوائری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ یہ قدم خوش آئند ہے تاہم صحافی برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار اہلکار کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے پولیس اصلاحات ناگزیر ہیں تاکہ صحافی آزادی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں اور کسی بھی قسم کی ہراسانی کا شکار نہ ہوں۔

تفصیلات کے لیے پاکستان پریس فاؤنڈیشن کا صفحہ ملاحظہ کریں۔ مزید علاقائی خبریں یہاں پڑھیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post