بھارت چھوڑنے کی مہلت ختم: 536 پاکستانی واپس آئے، 849 بھارتی پاکستان سے روانہ

🇵🇰 بھارتی مہلت ختم: 536 پاکستانی واپس، 849 بھارتی روانہ

ملاکنڈ (بیوروچیف محمد خان اتمان خیل) بھارت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو دی گئی بھارت چھوڑنے کی مہلت ختم ہوگئی ہے۔ تین روز کے دوران 536 پاکستانی بھارت سے واپس پاکستان پہنچے ہیں جبکہ پاکستان سے 849 بھارتی شہری اپنے ملک روانہ ہو چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق لانگ ٹرم ویزا رکھنے والے پاکستانی اور بھارتی شہریوں کی واپسی کا مسئلہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔ بارڈر کے دونوں جانب کئی خاندان واپسی کے منتظر ہیں۔ بھارت نے اپنے پنجاب کے سرحدی علاقوں کے کسانوں کو فصلیں دو روز میں کاٹنے اور کھیت خالی کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

اتوار کو مزید 236 پاکستانی بھارت سے واپس آئے جبکہ پاکستان سے 115 بھارتی شہری اپنے وطن روانہ ہوئے۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے کئی ایسے خاندانوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے جن کی شادیاں دونوں ممالک کے شہریوں سے ہو چکی ہیں۔

وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ بھارت میں پھنسے پاکستانی نژاد افراد کو پاکستانی ہائی کمیشن دہلی سے رابطہ کرنا چاہیے۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ بھارتی حکومت پر منحصر ہے کہ وہ بھارتی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو پاکستان واپسی کی اجازت دے یا نہ دے۔

واہگہ اور اٹاری بارڈرز پر کئی ایسی خواتین اور خاندان موجود ہیں جو اپنے شوہروں اور بچوں کے پاس واپس جانے کے انتظار میں ہیں۔ مزید تفصیلات کے لیے وزارت خارجہ پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ وزٹ کی جا سکتی ہے۔

حکام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ سرحدی خاندانوں کی واپسی کے لیے جلد از جلد مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ان کی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post