راجن پور پولیس کا بڑا ٹارگیٹڈ آپریشن: 5 لاکھ کے انعام یافتہ اشتہاری ڈاکو بوڈھا گرفتار
فاضل پور (ڈسٹرکٹ بیوروچیف مجاہد حسین مڈل) – راجن پور پولیس نے ڈی پی او فاروق امجد کی ہدایت پر روجھان کچہ کے نواحی علاقوں میں ٹارگیٹڈ آپریشن شروع کیا جس میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ پولیس نے ایک انتہائی خطرناک اشتہاری ڈاکو بوڈھا کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ڈاکو "بوڈھا" مختلف سنگین جرائم میں ملوث تھا جن میں قتل، ڈکیتی، چوری اور اغوا برائے تاوان شامل ہیں۔ پنجاب حکومت نے اس کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر کی ہوئی تھی۔
ایس ڈی پی او سرکل روجھان سید قیصر حسنین شاہ نے ایس ایچ او روجھان محمد اسحاق جان، ایس ایچ او عمرکوٹ شاہد حسین خواجہ اور ایس ایچ او گوٹھ مزاری جام شفیق آصف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا:
"کچے کے علاقے میں قیام امن اور عوام کی جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔"
پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ یہ آپریشن مکمل طور پر انٹیلیجنس بیسڈ تھا، جو موضع مندھری میں کیا گیا۔ پولیس نے ڈکیٹ گینگ کو گھیر کر گرفتار کیا اور آپریشن کے دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
عوامی حلقوں نے پولیس کی اس کامیابی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایسے آپریشن جاری رہیں گے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کا مکمل صفایا کیا جا سکے۔
پولیس ترجمان کے مطابق مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ تفصیلات کے لیے یہاں کلک کریں۔