اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی ریلی
اوکاڑہ (ارشد جاوید) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر قیادت اوکاڑہ میں پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں ضلعی انتظامیہ، دیگر محکموں کے افسران، علمائے کرام، بار ایسوسی ایشن، انجمن تاجران، سکولز، کالجز کے طلبہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے پاکستانی پرچم اور پاک فوج کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور ہماری افواج دنیا کی بہادر ترین افواج میں شامل ہیں۔ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف جھوٹا اور گھٹیا پراپیگنڈا بند کرے۔ دشمن کی پاکستانی قوم کو تقسیم کرنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
ریلی کے اختتام پر بھارت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی اور شرکاء نے وطن عزیز کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔
مزید پڑھیں: اوکاڑہ کی مزید خبریں | ملک بھر میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی ریلیاں