بدین: اہل سنت بریلوی جماعت کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں کے حق میں ریلی، نیشنل پریس کلب پر اختتام

بدین (رپورٹ: محمد ایوب شیخ) اہل سنت بریلوی جماعت کی جانب سے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پرامن ریلی نکالی گئی، جو شاہنواز چوک سے شروع ہو کر نیشنل پریس کلب بدین پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی میں شریک تمام شرکاء نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فلسطینی عوام کی مدد کے لئے دنیا بھر کے مسلمانوں سے پرخلوص اپیل کی۔
ریلی سے اہل سنت بریلوی جماعت کے رہنماؤں مفتی دائود جت، علامہ محمد ہارون نعیمی، سائیں فاروق بلالی، مولوی عبدالواجد سمون، سومار ملاح، اسلم ملاح اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ ہم پاکستان اور دنیا بھر کے مسلم ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ مسلمان ہونے کے ناطے اسرائیلی فوج کے مظالم کے خلاف متحد ہوکر آواز بلند کریں اور فلسطین کے مسلمانوں کی ہر ممکن مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کو چاہیے کہ اسرائیلی مصنوعات، خصوصاً کھانے پینے کی اشیاء کا مکمل بائیکاٹ کرے اور دشمن کو معاشی طور پر کمزور کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
ریلی کے اختتام پر نیشنل پریس کلب کے سامنے مولانا دائود جت نے پاکستان، فلسطین اور امتِ مسلمہ کی سلامتی اور فتح کے لیے رقت آمیز دعا کروائی۔