اوکاڑہ: انسداد پولیو مہم 21 اپریل سے شروع – انتظامات مکمل

اوکاڑہ (ارشد جاوید، ڈپٹی بیورو چیف) اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ نعیم بشیر نے انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں مختلف اقدامات اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 21 اپریل سے شروع ہونے والی مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے گھر گھر پہنچائے جائیں گے۔ انہوں نے UCMOs اور ایریا انچارجز کو ہدایت کی کہ وہ قومی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے مائیکرو پلان کے تحت مکمل تیاری کے ساتھ کام کریں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ وہ خود اس مہم کی نگرانی کریں گے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچانا ایک قومی فریضہ ہے اور اس پر کسی قسم کی کوتاہی ناقابل قبول ہوگی۔
اجلاس میں شریک افسران نے بھی اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔