اوکاڑہ میں "پنجاب دھی رانی" پروگرام کے تحت 50 اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب
اوکاڑہ (ارشدجاوید) وزیراعلیٰ پنجاب کے "پنجاب دھی رانی" پروگرام کے دوسرے مرحلے میں 50 اجتماعی جوڑوں کی اجتماعی شادی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام تقریب میں صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال، ممبران صوبائی اسمبلی غلام رضا ربیرہ، چوہدری جاوید علاؤالدین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چودری عبدالجبار گجر، اسسٹنٹ کمشنر رب نواز، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اشتیاق خاں سمیت دیگر محکموں کے افسران، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان، نو بیاہتا جوڑوں کے والدین اور عزیز و اقارب کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے صوبائی ممبران اسمبلی اور انتظامی افسران کے ہمراہ اوکاڑہ کی دھی رانیوں پر دست شفقت رکھتے ہوئے انہیں 2 لاکھ 22 ہزار روپے کے سلامی کارڈ دیے۔ تقریب میں بہترین جھومر ڈانس
کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، جبکہ نو بیاہتا جوڑوں اور ان کے اہل خانہ نے اجتماعی شادیوں کی پر وقار تقریب کے انعقاد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب دھی رانی پروگرام اسلامی فلاحی ریاست کا عکاس ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر پنجاب کی بیٹیوں کی شادی کا شرعی فریضہ سرانجام دیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کی بیٹیوں کی شفیق ماں کا کردار ادا کیا ہے اور اوکاڑہ کی دھی رانیوں سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بیٹیوں کے سر پر دست شفقت رکھ کر وداع کرنے آیا ہوں۔ دھی رانی پروگرام کو نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ پنجاب دھی رانی پروگرام سے متوسط گھرانوں کی پریشانی میں کمی آئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے کئی پروگرام شروع کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر 25 سے اپریل 26 تک مزید 5 ہزار دھی رانیوں کی شادی کروائی جائے گی، جو کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام دوست ویژن کا عملی نمونہ ہے۔