مندرہ میں بھائی کے قاتل کی گرفتاری، پولیس کی بروقت کارروائی

گوجرخان (بیوروچیف روزنامہ خوبیاں عبدالشکور لدھوی) مندرہ پولیس نے جائیداد کے تنازعے پر سگے بھائی کو قتل کرنے والے ملزم محرم شاہ کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم نے اپنے بھائی محبوب شاہ پر کلہاڑیوں کے پے در پے وار کیے جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا تھا۔ زخمی حالت میں محبوب شاہ کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس نے 5 یوم قبل تھانہ مندرہ میں مقدمہ درج کیا تھا۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا۔ تاہم پولیس نے ہیومن انٹیلیجنس سمیت تمام دستیاب ذرائع استعمال کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔