گوجرخان میں غزہ کے حق میں ریلی، تاجر برادری کی بھرپور شرکت
گوجرخان (سٹی رپورٹر روزنامہ خوبیاں عبدالشکور) گوجرخان جی ٹی روڈ چوک میں مرکزی انجمن تاجران کے زیر اہتمام اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے لیے اظہار یکجہتی کے طور پر غزہ مظاہرہ کیا گیا۔
"لبیک یا غزہ" کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی، اہلِ گوجرخان کی تاجر برادری اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے فلسطینی بھائیوں سے محبت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرے کے دوران مقررین نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہماری اخلاقی اور اسلامی ذمہ داری ہے۔
ریلی میں شریک عوام نے یہ ثابت کیا کہ ان کے دل فلسطین کے لیے دھڑکتے ہیں اور وہ ہر حال میں اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہیں۔