ملاکنڈ ڈویژن: 26 اپریل کو یوم یکجہتی فلسطین پر مکمل شٹر ڈاؤن کا اعلان
ملاکنڈ ڈویژن (بیوروچیف) ملاکنڈ تاجر برادری نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے 26 اپریل 2025 کو مکمل شٹر ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ تاجر برادری نے انجمن تاجران پاکستان کے اعلان پر لبیک کہتے ہوئے متفقہ اعلامیہ جاری کیا۔
درگئی بازار کے آذلان ہوٹل میں منعقدہ اجلاس میں ضلعی صدر حاجی شاکراللہ خان، مرکزی صدر اسفندیار خان، جنرل سیکرٹری حاجی غلام حسن، بٹ خیلہ بازار کے صدر زوار حسین، جنرل سیکرٹری سلمان یوسف، تھانہ بازار کے صدر محمد پرویز خان، متحدہ ٹریڈیونین سخاکوٹ کے صدر حاجی حمید خان لالا، جنرل سیکرٹری علی رحمان، آماندرہ بازار کے صدر محمد ایاز خان اور دیگر تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی گئی اور امت مسلمہ کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان فی الفور او آئی سی کا اجلاس بلائے اور فلسطینیوں کی حمایت میں عالمی سطح پر آواز بلند کرے۔
تاجر رہنماؤں نے سوشل سیکیورٹی ادارے کی جانب سے چھوٹے تاجروں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں کسی بھی قسم کا ٹیکس نافذ کرنا عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے ٹیکسوں کا فیصلہ واپس نہ لیا تو تاجر برادری سڑکوں پر آ کر احتجاج کرے گی۔ اجلاس میں سیاسی، مذہبی اور سماجی حلقوں سے اپیل کی گئی کہ وہ ٹیکس مخالف مہم میں بھرپور کردار ادا کریں۔
مقررین نے کہا کہ ملاکنڈ پہلے ہی دہشتگردی، بدامنی اور قدرتی آفات کی زد میں رہا ہے، ایسے میں مزید مالی بوجھ ناقابل برداشت ہوگا۔
تفصیلی معلومات کے لیے ایف بی آر کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔ مزید علاقائی خبریں یہاں پڑھیں۔