میرپورخاص: حلیم عادل شیخ کی پریس کانفرنس، دھاندلی پر سخت ردعمل کا اعلان
میرپورخاص (بیوروچیف: سید شاہزیب شاہ)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے میرپورخاص کے ملک ہاؤس میں ایک پُرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر کل ہونے والے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی گئی تو عوام بھرپور احتجاج اور گھیراؤ کریں گے۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جمال صدیقی، محسن گھمن، راجہ عبدالحق اور میرپورخاص ڈویژن کے صدر آفتاب قریشی سمیت دیگر موجود تھے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمرکوٹ کا ضمنی انتخاب کرپٹ مافیا کے خلاف ایک ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ انہوں نے سابق ایم این اے لال مالہی کو پی ٹی آئی اور دریائے سندھ بچاؤ تحریک کا مشترکہ امیدوار قرار دیا۔ اس تحریک میں 11 جماعتیں شامل ہیں جو پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت کر رہی ہیں۔
انہوں نے آصف علی زرداری پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دریائے سندھ پر چھ کینالوں کی منظوری دے کر سندھ کے ساتھ غداری کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے لیڈر اب عوام میں جانے سے ڈرتے ہیں اور ان کے خلاف عوامی غصہ شدت اختیار کر چکا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی نے ایس ایس پی، ڈپٹی کمشنر، اور پریزائیڈنگ افسران کو رشوت دی ہے اور کل کنری میں دھاندلی کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا پہرہ دیں اور فارم 47 کی سچائی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر کسی پولیس افسر نے قانون کی خلاف ورزی کی تو عوام گھیراؤ کریں گے۔ یہ انتخابات سندھ کے وسائل کے تحفظ کا موقع ہیں، اور پیپلزپارٹی کے سندھ دشمن منصوبوں کو روکنا ہوگا۔