بٹ خیلہ میں جمعیت علمائے اسلام کا فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی، اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی
رپورٹ: بیوروچیف
مقام: ملاکنڈ
جمعیت علمائے اسلام ضلع ملاکنڈ کے زیر اہتمام بٹ خیلہ بازار میں مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک زبردست احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو بازار کا چکر لگا کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر مفتی کفایت اللہ، جنرل سیکرٹری مولانا سلمان تاثیر، تحصیل بٹ خیلہ کے امیر سبحان علی، تحصیل تھانہ کے امیر حاجی غنی محمد، عمران ہلالی و دیگر مقررین نے کہا کہ فلسطینی عوام پر اسرائیلی ظلم و ستم پر اقوام عالم کی خاموشی شرمناک ہے۔
مقررین نے کہا کہ اسرائیل ایک دہشتگرد ریاست ہے، اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر فلسطین میں جاری جارحیت کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو معاشی طور پر کمزور بنانے کے لیے اس کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ ضروری ہے تاکہ اس کے ظلم کا سدباب ممکن ہو۔
مقررین نے اعلان کیا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج ہر سطح پر جاری رہے گا تاکہ دنیا بھر کو فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم و ستم سے آگاہ کیا جا سکے۔