بدین: سندھ ترقی پسند پارٹی کا کینالوں کے خلاف زبردست احتجاج، تھرکول روڈ بند
رپورٹ: محمد ایوب شیخ
بدین میں تھرکول روڈ پر کینالوں کی تعمیر کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے ایک بڑا احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس کی وجہ سے سیکڑوں گاڑیاں رک گئیں اور سخت دھوپ میں ہزاروں مرد، خواتین اور بچے سڑکوں پر نکل آئے۔ شرکاء نے زور دار نعرے بازی کی، جبکہ قومی فنکاروں کی جانب سے مزاحمتی گیتوں نے دھرنے کے جوش و خروش کو مزید بڑھا دیا۔
احتجاج پیر چوک تھرکول روڈ پر منعقد ہوا، جس میں قیادت ڈاکٹر عبدالحمید میمن، ڈاکٹر احمد نوناری، شاھنواز سیال، راجہ خواجہ اور بین نے کی۔ مظاہرین نے حکومت سے نہریں نکالنے اور سندھ کی زمینیں کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر دینے کے خلاف شدید ردعمل ظاہر کیا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پنجاب تاریخی طور پر سندھ کے پانی پر قبضہ کرتا آیا ہے، اور اب نہریں نکال کر سندھ کی زراعت کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاق نے یہ منصوبے بند نہ کیے تو پنجاب جانے والے تمام راستے بند کر دیے جائیں گے۔
مزید کہا گیا کہ سندھ کے قدرتی وسائل پر بھی قبضے ختم کیے جائیں گے اور جب تک سندھ کو اس کے تمام حقوق واپس نہیں ملتے، جدوجہد جاری رہے گی۔
احتجاج کے دوران معروف فنکار استاد الهدنو جوڻيجو، کریم ڪڇي، بالاچ حیدری نے "پانی پر اب پانی ہوگا" جیسے مشہور گیت پیش کیے، جنہوں نے عوامی جوش کو مزید بڑھا دیا۔