ایران میں دہشتگردی: بھارتی دلالوں کے ہاتھوں 8 پاکستانی مزدور شہید
گوجرخان (سٹی رپورٹر روزنامہ خوبیاں عبدالشکور) — انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں ایک افسوسناک اور دل دہلا دینے والے واقعے میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں نے آٹھ پاکستانی مزدوروں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
یہ مزدور کار مکینک تھے اور سیستان کے علاقے مہرستان جائز آباد میں کام کر رہے تھے۔ دہشتگرد تنظیم بی این اے (بلوچ نیشنل آرمی)، جو کہ بھارتی ایجنسیوں کی ایما پر کام کر رہی ہے، نے ان بے گناہ پاکستانیوں کو ہاتھ پاؤں باندھ کر بے دردی سے شہید کیا اور واقعے کی ذمہ داری بھی قبول کی۔
شہداء کا تعلق بہاولپور سے
سفارتی ذرائع کے مطابق تمام شہداء کا تعلق پنجاب کے ضلع بہاولپور سے تھا۔ ان میں پانچ کی شناخت ہو چکی ہے جن میں جعفر، دانش، ناصر، ورکشاپ کے مالک دلشاد اور اس کا بیٹا نعیم شامل ہیں۔
واقعے کے بعد ایرانی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور قانونی کارروائی کے بعد شہداء کی میّتیں پاکستان واپس بھیجنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بھارتی کردار اور دہشتگردی
یہ واقعہ اس بات کی ایک اور واضح مثال ہے کہ کس طرح بھارت خطے میں عدم استحکام اور دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے۔ بی ایل اے اور بی این اے جیسی تنظیمیں درحقیقت بھارتی انٹیلیجنس ایجنسیوں کے آلہ کار بن چکی ہیں جو پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔