یورپ کے ایک ملک نے وزیراعظم کی درخواست پر ڈیڑھ لاکھ ہنرمند پاکستانیوں کو روزگار دینے کا اعلان

بیلاروس کا پاکستانی ہنر مندوں کیلئے روزگار کا اعلان - وزیراعظم شہباز شریف

بیلاروس کا پاکستانی ہنر مندوں کیلئے روزگار کا اعلان - وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیلاروس کے حالیہ دورے کے بعد پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری کا اعلان کیا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق، وزیراعظم نے کہا کہ بیلاروس نے پاکستانیوں کے لیے ڈیڑھ لاکھ ملازمتوں کی پیشکش کی ہے، جو کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے اس پیشکش کو بیلاروس کی جانب سے پاکستانی نوجوانوں کے لیے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ باہنر نوجوان ناصرف اپنے لیے باعزت روزگار حاصل کریں گے بلکہ بیلاروس کی معیشت میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سے جانے والے ہنر مند نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سرٹیفائیڈ کیا جائے گا، جو بیلاروس میں ایک قیمتی افرادی قوت کے طور پر کام کریں گے۔

دورہ بیلاروس کے دوران معاہدے

وزیراعظم کے دورۂ بیلاروس کے دوران دونوں ممالک نے زراعت، دفاع، اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

بیلاروس کے صدر نے وزیراعظم پاکستان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیلاروس، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

اس موقع پر پاکستان-بیلاروس بزنس فورم کا بھی انعقاد کیا گیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم قرار دیا گیا۔

5 معاہدے اور 2 مفاہمتی یادداشتیں

وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 5 معاہدوں اور 2 ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔ دستخطوں کی تقریب بیلاروس کے صدارتی محل میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم پاکستان اور بیلاروس کے صدر نے بھی شرکت کی۔

یہ معاہدے دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post